سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں آپریشنز، 23 مبینہ دہشت گرد گرفتار

ہفتہ 9 مارچ 2024 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کرتے ہوئے 23 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے ہفتہ کو بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں لاہور ،گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، راولپنڈی، راجن پور، سیالکوٹ، فیصل آباد، چینوٹ، بہاول نگر اور رحیم یار خان میں کی گئیں، پکڑے جانے والوں میں لاہور سے ٹی ٹی پی اور فیصل آباد سے القاعدہ کے اہم سہولت کار بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ 2 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 51 فٹ ، اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد کر لی گئیں۔ پکڑے گئے دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم، غفران، کامران، شاہ محمد، شاکر، عمران، شاہی محمد، انصاف اللہ، سمر خان، اسلم اور قدوس وغیرہ کے ناموں سے ہوئی، یہ دہشت گرد مختلف اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے962 کومبنگ آپریشنز کے دوران 133 مشتبہ افراد پکڑے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 37ہزار 739 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ،دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔