رمضان المبارک میں بینکوں کے نئے اوقات کار جاری

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نماز اور جمعہ کے وقفے کا بھی اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 مارچ 2024 16:18

رمضان المبارک میں بینکوں کے نئے اوقات کار جاری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ 2024ء ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے رمضان المبارک کے دوران دفتری اور کاروباری اوقات کا اعلان کردیا، اوقاتِ کار پر تمام بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور مائیکرو فنانس بینک عمل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نئے اوقات کار کے تحت رمضان المبارک کے دوران بینکوں میں پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے دن کے ساڑھے 3 بجے تک کام ہوگا، پیر سے جمعرات دن 2 بجے سے 2 بج کر 30 منٹ تک ظہر کی نماز کا وقفہ ہوگا جب کہ جمعہ کے روز صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر ایک بجے تک بلا وقفہ کام ہوگا، پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر2 بجے تک بلاوقفہ عوامی لین دین ہوگا جب کہ جمعہ کو صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر ایک بجے تک بلاوقفہ عوامی لین دین کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یکم رمضان المبارک کو بینکوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت یکم رمضان المبارک کو تمام بینک عوامی لین دین کیلیے بند رہیں گے جب کہ ملازمین کو زکواة کی کٹوتی کیلئے دفتر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم رمضان المبارک 1445 ہجری کو عوام سے لین دین کے لیے تمام بینک بند رہیں گے، یکم رمضان المبارک کو زکواةکی کٹوتی کے لیے بینک تعطیل ہوگی، تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے اور مائیکرو فنانس بینک مذکورہ تاریخ پر عوام سے لین دین نہیں کریں گے، بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں، مائیکرو فنانس بینکوں کے تمام ملازمین معمول کے مطابق کام کے لیے دفتر میں حاضر ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز پیر دفتر منتظم اوقاف پشاور میں مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوگا، اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین شرکت کریں گے، جن میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ڈائریکٹر جنرل سید مشاہد حسین خالد، خلائی اور بالائی ماحولیات ریسرچ کمیشن کے غلام مرتضیٰ، ڈاکٹر عبدالرشید اور دیگر شامل ہیں، اجلاس میں پاکستان کے محکمہ موسمیات سے سردار سرفراز اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے زین العابدین بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔