کے ایچ خورشید کی سالانہ برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

پیر 11 مارچ 2024 20:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) سابق صدر آزادجموں و کشمیر و بانی صدر جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے ایچ خورشید کی سالانہ برسی کے موقع پر مونسپل کارپوریشن مظفر آباد میں جموں کشمیر لبریشن سیل اور جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے باہمی اشتراک سے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وزیر حکومت چوہدری محمدرشید، صدر جموں و کشمیر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ، سیکرٹری لبریشن کمیشن وجاہت رشید، دختر خورشید احسن خورشید (مرحوم) یاسمین خورشید، رہنما پیپلز پارٹی شوکت جاوید میر،مئیر مظفر آباد سکندر گیلا نی، سابق سیکرٹری حکومت فرحت علی میر، میڈیا کوآرڈینیٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل سردار علی شان،حریت رہنما مشتاق الاسلام، رہنما مسلم کانفرنس سجاد انور عباسی، رہنما جموں وکشمیر لبریشن لیگ راجہ گلزار، سیکرٹری اطلاعات جموں وکشمیر لبریشن لیگ راجہ بشارت، سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، عوام اور سرکاری ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ قیام پاکستان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ ممتاز کشمیری رہنما خورشید حسن خورشید نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ان مٹ نظریاتی رشتوں اور ریاستی وقار قومی تشخص کی مظبوط بنیادوں کی خشت اول رکھ کر قوم کی رہنمائی کے رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا ہے، انہوں کہا کہ کے ایچ خورشید کی ایمانداری دیانتداری اصول نظریات جرآت بہادری قومی نمائندگی پر تاریخ ناز کرتی ہے اور آنے والی نسلوں کیلئے خورشید حسن خورشید رول ماڈل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری رشید نے کہاکہ کے ایچ خورشید نے اپنی ساری زندگی تحریک پاکستان ااور آزادی کشمیر کے لیے وقف کردی تھی۔ کے ایچ خورشید حق خودارادیت کے وکیل اور ریاست جموں وکشمیر کی عوام کے جذبات کے حقیقی معنوں میں ترجمان تھے۔ بیس کیمپ کی حکومت کے قیام سے لے کر تحریک آزادی پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آواز بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے تک کی خدمات کے باعث آزادکشمیر کی یہ قوم اپنے محسن کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔