مقبوضہ جموں وکشمیر میں پرانا گولہ پھٹنے سے ایک شخص زخمی

منگل 12 مارچ 2024 21:10

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں ایک پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت چنار سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع کے علاقے چاندلی میں ایک پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے شدید زخمی ہوا۔اسے علاج کے لئے میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے قریب اور مقبوضہ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی طرف سے داغے گئے بہت سے مارٹر گولے بغیر پھٹے پڑے ہوئے ہیں اوریہ گولے اچانک پھٹ جاتے ہیں جوکئی لوگوں کے زخمی اورہلاک ہونے کا باعث بنتے ہیں۔ دریں اثناء ضلع ادھم پورکے علاقے گرنائی اور ضلع اسلام آبادکے علاقے اچھہ بل میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک خاتون سمیت چار افراد کی موت ہوگئی ہے جن میں سیدہ بیگم، شہزاد حسین، مبشر حسین اور ومل کمار شامل ہیں۔