اسٹیٹ بینک کی غلط چھپے ہوئے نوٹوں کے متعلق وضاحت

کبھی کبھار کچھ نوٹ غلط چھپ جاتے ہیں، لیکن ہمارا چیک اینڈ بیلنس کا نظام ان کی شناخت کر لیتا ہے،ترجمان

بدھ 13 مارچ 2024 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے غلط چھپے ہوئے نوٹوں کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے پرنٹنگ کے ادارے ، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی) کے پاس غلط چھپے ہوئے بینک نوٹوں کو عوام کے استعمال میں آنے سے روکنے اور انہیں الگ کرنے کے لیے کوالٹی کنٹرول کا ایک مضبوط نظام موجود ہے۔

کبھی کبھار کچھ نوٹ غلط چھپ جاتے ہیں، لیکن ہمارا چیک اینڈ بیلنس کا نظام ان کی شناخت کر لیتا ہے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق عوام یا کمرشل بینکوں کو موصول ہونے والے غلط پرنٹ شدہ بینک نوٹوں کی جگہ درست بینک نوٹ کے تبادلے کا دعوی اسٹیٹ بینک آف پاکستان(نوٹ کی واپسی)ریگولیشنز 1963 کے تحت ملک بھر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی ۔

(جاری ہے)

بی ایس سی)کے کسی بھی دفتر میں داخل کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ بڑے پیمانے کی پروڈکشن کے پروسیس میں ایسے نقائص کا امکان رہتا ہے۔ لہذا، ممکن ہے کہ تمام کوالٹی چیکس کے باوجود غلط پرنٹ شدہ بینک نوٹوں میں سے چند بینک نوٹ بینکوں یا عوام تک پہنچ جائیں۔ تاہم، جیسا کہ وضاحت کی جا چکی ہے، ایسے نوٹوں کا تبادلہ ایس بی پی بی ایس سی کے کانٹرز سے کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے پرنٹنگ کے ادارے ، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی) کے پاس غلط چھپے ہوئے بینک نوٹوں کو عوام کے استعمال میں آنے سے روکنے اور انہیں الگ کرنے کے لیے کوالٹی کنٹرول کا ایک مضبوط نظام موجود ہے۔ کبھی کبھار کچھ نوٹ غلط چھپ جاتے ہیں، لیکن ہمارا چیک اینڈ بیلنس کا نظام ان کی شناخت کر لیتا ہے۔ تاہم، یہاں پر یا ترقی یافتہ ممالک سمیت ہر جگہ انسان کا بنایا ہوا کوئی بھی نظام کتنا ہی مضبوط اور مثر کیوں نہ ہو، اس میں غلطی کا امکان رہتا ہے۔

اس معاملے میں این بی پی کی ماڈل کالونی برانچ کو فراہم کیے گئے نوٹوں میں سے صرف دس غلط پرنٹ شدہ بینک نوٹ سامنے آئے ہیں، اگر ملک میں پرنٹ ہونے والے اور زیر گردش نوٹوں کی مجموعی تعداد سے اس کا تقابل کیا جائے تو یہ مقدار انتہائی معمولی ہے ۔ تاہم مستقبل میں اس قسم کے واقعے کے اعادے سے بچنے کے لیے اندرونی کنٹرولز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔