اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بدترین مندی

2 کاروباری ایام میں سرمایہ کاروں کے سوا 200 ارب روپے ڈوب گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مارچ 2024 18:49

اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بدترین مندی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2024ء) اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بدترین مندی، 2 کاروباری ایام میں سرمایہ کاروں کے سوا 200 ارب روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج بدھ کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد بڑی نوعیت کی مندی سے دوچار رہی۔ کاروباری سرگرمی کا آغاز تیزی سے ہوا اور کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 242پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اس دوران بینکنگ سمیت انڈیکس کے بیشتر آئٹموں میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔

ایک موقع پر 945پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 753.26پوائنٹس کی کمی سے 64048.44پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مندی کے سبب 78.11 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 20ارب 78کروڑ 98لاکھ 60ہزار روپے ڈوب گئے۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 21.43فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 25کروڑ 27لاکھ 51ہزار 968 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 329 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 52 کے بھاؤ میں اضافہ 257 کے داموں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس کی بدترین مندی کا شکار ہوا تھا، جبکہ سرمایہ کاروں کے 100 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے تھے۔ یوں 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1700 پوائنٹس سے زائد مندی کا شکار ہوا جبکہ سرمایہ کاروں کے سوا 200 ارب روپے ڈوب گئے۔