پیرس ،پاکستانی سفارت خانے میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب

بدھ 13 مارچ 2024 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) فرانس میں پاکستانی سفارت خانے میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفراء اوریونیسکو کے نمایاں عہدیداران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور بڑی تعداد میں سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور فرانس کہ مشترک فرینڈز گروپ کے اراکین سینیٹر ویوٹ لوپیز اور پیئر کائپر نے بھی شرکت کی۔

ڈی جی پی آر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی آزادی اور قومی ترقی میں خواتین کے موثر کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ عاصم افتخار نے پاکستانی خواتین کے کردار کو تاریخی پس منظر میں بیان کرتے ہوئے اسلام میں عورتوں کے مقام،معاشرے میں ان کی مرکزی حیثیت اور بنیادی حقوق پر بھی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں جاری صنفی مساوات کے لیے خواتین کی جدو جہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ان کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری اور پاکستان اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے خواتین کے موثر کردار میں تعلیم کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے مشترکہ اہداف کے حصول میں شراکت داری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عاصم افتخار نے سفارت کے شعبہ میں خواتین افسران کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں صنفی مساوات کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کا ثبوت قرار دیا۔تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے خواتین پر بنائی گئی رپورٹ بھی پیش کی گئی جو خواتین کی ترقی اور صنفی مساوات کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی عکاس تھی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل سٹیفانیاگیانی نے شعبہ تعلیم میں عالمی سطح پر مقررہ ترقی کے پائیدار اہداف کے فروغ میں یونیسکو کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے رائٹ ٹو ایجوکیشن پروگرام میں ملالہ فنڈز کو پاکستان ، یونیسکو اور دیگر شراکت دار ممالک کے مابین تعاون کی بہترین مثال قرار دیا۔

اس موقع پر فرانسیسی نژاد پاکستانی خواتین سول سرونٹ تبسم سلیم، سوشل سروسز کی نعمانی کیانی اور شاعرہ و مصنفہ شاز ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔