اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کیخلاف درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا

چیئرمین پی ٹی اے (آج) ذاتی حیثیت میں طلب، چیئرمین پیمرا بتائیں لیکڈ آڈیوز کو بغیرتصدیق نشر کرنے سے روکنے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے، عدالت

بدھ 13 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کے خلاف درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کیخلاف درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو(آج)14مارچ کو ذاتی حیثیت میں دوبارہ طلب کیا ہے جبکہ چیئرمین سمیت ممبران کو بیان حلفی کیساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے ۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پیمرا بتائیں کہ لیکڈ آڈیوز کو بغیرتصدیق نشر کرنے سے روکنے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے، وکیل پی ٹی اے نے اعتراض اٹھایا کہ عدالت چیئرمین پی ٹی اے سے بیان حلفی طلب نہیں کرسکتی۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے وکیل کی یہ دلیل غلطی فہمی کی بنیاد پر ہے، پی ٹی اے کی درخواست غیر موثر قرار دینے کی استدعا بھی غلط فہمی پر مبنی ہے، عدالت نے پی ٹی اے کو ٹیلی کام ریگولیٹر کے طور پر جواب طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ رپورٹ دیں کہ کیا پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹرز کو قانونی فون ٹیپنگ کی کوئی ڈائریکشن دی پی ٹی اے نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ ان کے پاس یہ ڈائریکشن جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں، پی ٹی اے کے وکیل عرفان قادر نے کہا کہ پی ٹی اے کے پاس یہ اختیار موجود ہے، پی ٹی اے کا جواب اور وکیل کا بیان متضاد ہیں، چیئرمین اور ممبران پی ٹی اے بیان حلفی جمع کرائیں۔