اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کے خلاف کیس میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منظور کرلی

بدھ 13 مارچ 2024 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کے خلاف کیس میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے یونیورسٹی آف سندھ کے رجسٹرار سے شعیب کھوسو کی ایم بی اے ڈگری کا ریکارڈ مانگ لیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پٹیشنر امجد فاروق کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔

پٹیشنر اپنے وکیل نوید ملک ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ یونیورسٹی آف سندھ سے شعیب کھوسو کو مبینہ طور پر جاری ایم بی اے کی جعلی ڈگری کو ریکارڈ پر رکھنا چاہتے ہیں، ان کی ڈگری پر جو رول نمبر لکھا گیا اس رول نمبر کی ڈگری گیتا شنکر کے نام جاری ہوئی، جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ یہ کاغذ آپ کو کہاں سے ملے؟ جس پر نوید ملک ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے تصدیق کے لیے اپلائی کیا تھا، بڑی مشکل سے ڈاکومنٹس ملے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم یونیورسٹی سے ریکارڈ مانگ لیتے ہیں، آئندہ اس کو مرکزی کیس کے ساتھ 30 اپریل کو سنیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے پٹیشنر کی جانب سے جمع کرائی گئی ڈگری تصدیق کے لیے رجسٹرار یونیوسٹی آف سندھ کو بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی تمام تعلیمی اسناد اور ڈگریاں جمع کرائیں جبکہ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ تعلیم اسناد اور ڈگریوں کے ساتھ ان کے جینوئن ہونے کا بیان حلفی بھی جمع کرائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 30 اپریل تک ملتوی کردی۔