سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

بدھ سے اتوار تک مملکت کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مارچ 2024 23:47

سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری
ریاض ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔13 مارچ 2024ء) سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری، بدھ سے اتوار تک مملکت کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی۔ تفصیلات کے مطابق مارچ کے ماہ کا وسط آ جانے کے باوجود سعودی عرب کے بھی کئی علاقے غیر متوقع بارشوں کے باعث قدرے سرد موسم کی زد میں ہیں۔ سعودی عرب میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے کئی علاقے رواں ہفتے بدھ سے اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفان کی زد میں ہوں گے۔ عسیر، جازان، قصیم، الشرقیہ، مدینہ منورہ، حائل اور شمالی حدود کے علاقے درمیانے سے موسلا دھار بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، ان علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے کی بارش اور ہواؤں سے متاثر ہوسکتا ہے۔

طائف، اضم، میسان، العرضیات کے علاوہ مدینہ منورہ، الباحہ اور تبوک ریجنز بھی زد میں رہیں گے جبکہ دارالحکومت ریاض، الجوف، الدرعیہ، المزاحمیہ، الحریق، الخرج، حوطہ بنی تمیم، المجمعہ، ثادق، مرات، ضرما، الغاط، الزلفی، شقراء، حریملا اور رماح میں ہلکی سے درمیانے درجے تک کی بارش کا امکان ہے۔ اس تمام صورتحال میں سعودی محکمہ شہری دفاع نے رہائشیوں کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔

سعودی شہری دفاع نے یہ الرٹ سعودی محکمہ موسمیات کے بارشوں سے متعلق کی گئی پیش گوئی کے تناظر میں جاری کیا ہے۔ سعوی محکمہ دفاع کی جانب سے رہائشیوں پر پر زوردیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران گھروں سے باہر نکلتے ہوئے زیادہ احتیاط کریں۔ امدادی یونٹس بارش سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر خدمات پرمامور ہوں گے۔ شہریوں کو سختی سے تلقین کی گئی ہے کہ گرج چمک اور بارش کے دوران زیرآب علاقوں کے قریب نہ جائیں۔