کینیڈین ہائی کمشنر کے وفد کی میثاق سینٹر تھانہ کینٹ آمد

سی پی او راولپنڈی نے وفد کو میثاق سنٹر میں دی جانیوالی سہولیات و اقدامات بارے بریفنگ دی

جمعرات 14 مارچ 2024 23:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) کینیڈین ہائی کمشنر کے وفد کی میثاق سینٹر تھانہ کینٹ آمد، ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر احسان صادق بھی وفد کے ہمراہ تھے،سی پی او سید خالدہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سی آئی اے سمیت دیگر سینئرافسران نے وفد کا استقبال کیا،سی پی او سید خالد ہمدانی نے وفد کو میثاق سنٹر میں دی جانے والی سہولیات اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈین ہائی کمشنر کے وفد کی میثاق سینٹر تھانہ کینٹ آمد، ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر احسان صادق بھی وفد کے ہمراہ تھے، سی پی او سید خالدہمدانی، ایس ایس پی آپریشنزفلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغر، ایس پی سی آئی اے بینش فاطمہ سمیت دیگر سینئرافسران نے وفد کا استقبال کیا،سی پی او سید خالد ہمدانی نے وفد کو میثاق سنٹر میں دی جانے والی سہولیات اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی،اے ایس پی کینٹ انعم شیر نے وفد کو پولیسنگ اورپبلک سروس ڈیلیوری کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سی پی او سید خا لد ہمدانی نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق میثاق سینٹر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کردار ادا کر رہا ہے، میثاق سینٹرزکا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے جہاں اقلیتی برادری کے مسائل فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔وفد نے میثاق سنٹر کی افادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میثاق سینٹر کا قیام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور حکومت پنجاب کی جانب سے اقلیتوں کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔