پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کی ملاقات

جمعرات 14 مارچ 2024 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان فضائیہ کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر بات چیت ہوئی جس میں ڈرون ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا۔

ایئر چیف نے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔مہمان شخصیت نے پاکستان فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت اورحاصل کی گئی قابل ذکر کامیابیوں کی تعریف کی۔معزز مہمان نے پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں پاکستان فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

سائبر شعبے میں پی اے ایف کی جانب سے کی گئی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مہمان شخصیت نے بحرین کی مسلح افواج کے ترقی کرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ڈھانچے میں موجود کمی کو جانچنے اور دور کرنے کے لیے پی اے ایف کو ایک خصوصی ٹیم بھجوانے کی خواہش ظاہر کی۔

ایئر چیف نے بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کو پی اے ایف کے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بحرین کی مسلح افواج کے ٹیکنالوجیکل ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔