عدالت نے لاپتہ کمسن بہن بھائی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا

دونوں بچوں اور خالہ فرحین عرف سونیا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں شامل کیا جائے،عدالت

جمعرات 14 مارچ 2024 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2024ء) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے لاپتہ اور بازیاب ہونے والے کمسن بہن بھائی کے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔تفصیلا ت کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں نارتھ ناظم آباد سے بہن بھائی کے لاپتہ ہونے کے مقدمے کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔عدالت نے حکم دیا کہ دونوں بچوں اور خالہ فرحین عرف سونیا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں شامل کیا جائے، فرحین عرف سونیا بچوں کو متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہیں لے جا سکتی۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیاہے کہ ایس ایس پی سینٹرل افسر کو فوری تعینات کریں جو فرحین عرف سونیا کے گھر کا پتہ کرے، پولیس افسر یقینی بنائیں بچوں کی کسٹڈی متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہ جائے، پولیس افسر ہر ہفتے رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کروایا جائے، بچوں کو صرف تعلیم کیلئے متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر جانے کی اجازت ہے۔

تحریری حکم نامے میں عدالتی احکامات عمل درآمد کے لیے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی)سینٹرل کو ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے کہا کہ بچوں نے بیان میں بتایا گیا کہ ان کی خالہ بینش اور خالو کا رویہ ظالمانہ تھا، بچوں نے بتایا وہ اپنی خالہ فرحین کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، دونوں بچوں کے والدین کی 2015 میں علیحدگی ہوگئی تھی، بچوں کی والدہ یو اے ای میں ہیں کبھی کبھار بچوں سے ملنے آتی ہیں۔حکم نامے میں کہا گیاہے کہ والد نے بچوں کی کسٹڈی سے متعلق کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا، بچوں کی کسٹڈی ان کے والد کا حق ہے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیاہے کہ عدالت بچوں کی عارضی کسٹڈی خالہ فرحین کے حوالے کرتی ہے، بچوں کی خالہ فرحین 5، 5 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروائیں۔