حکومت کسی بھی قانون کی منظوری کے عمل کو بلڈوز نہیں کرے گی، وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹراعظم نذیرتارڑ

جمعہ 15 مارچ 2024 14:43

حکومت کسی بھی قانون کی منظوری کے عمل کو بلڈوز نہیں کرے گی، وفاقی وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی قانون کی منظوری کے عمل کو بلڈوز نہیں کرے گی، ملک اور معیشت کو چلانے اور غریب کی زندگیوں کو آسان بنانے کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان عمر ایوب، اسد قیصر اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے ارکان سید نوید قمر، سید خورشید احمد شاہ اور عبدالقادر پٹیل سمیت دیگر ارکان کی طرف سے آرڈیننسوں کے حو الے سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان آرڈیننسوں کے اجراء کا مقصد بعض سرکاری کارپوریشنوں کے بورڈز کو آزادی دی گئی ہے، پہلے یہ بورڈز حکومت کے سامنے جکڑے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ایوان میں بات کرنے سے پہلے قانون کا اچھی طرح مطالعہ کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

یہ آرڈیننس اب بلز میں منتقل ہو چکے ہیں اور یہ ایوان کی کمیٹیوں کو چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے بھی آئی ایم ایف اور یورپی یونین کو خطوط لکھے ہیں جو ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی قانون سازی کو بلڈوز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ طے ہو چکا ہے کہ کسی بھی قانون سازی کے معاملے پر مل بیٹھ کر معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اپوزیشن کو بھی چاہئے ملک اور معیشت کو چلانے اور غریب کی زندگیوں کو آسان بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔