فلائی جناح کا لاہور اور شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

جمعہ 15 مارچ 2024 16:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) پاکستان کی سستی ترین ایئر لائن فلائی جناح نے لاہور اور متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔فلائی جناح8اپریل2024سے دونوں شہروں کے درمیان اپنی یومیہ نان اسٹاپ پروازوں کی تعدادکو ایک سے بڑھا کر دو کردیا گیا۔لاہور اور شارجہ کے درمیان 8اپریل2024سے پروازوں کا نیا شیڈول نافذ العمل ہوگا۔

دونوں شہروں کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ اس روٹ کے آغاز کے بعد سے ایک ماہ سے بھی کم وقت میں کیا گیا ہے۔لاہور اور شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے سے اس روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت حاصل ہوسکے گی۔فلائی جناح کے ترجمان کے مطابق اس روٹ پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے کیا گیا اور یہ قدم اپنے مسافروں کو سفر کے غیر معمولی تجربے کی فراہمی کیلئے ہمارے عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور اور شارجہ کے درمیان اضافی پروازوں سے دونوں شہروں کے درمیان تجارتی اور سیاحتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اس روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔فلائی جناح اس وقت پاکستان میں اپنے پانچ جدید ایئر بس A320طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑے کے ساتھ کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کیلئے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہے۔

اس کی اکانومی کلاس کی نشستیں کسی بھی دوسری فضائی کمپنی کی اکانومی کلاس کے مقابلے میں کہیں زیادہ کشادہ ہیں، جو مسافروں کیلئے ان کے سفر کے دوران بے پناہ آرام کا باعث بنتی ہیں،ہوئی جہاز میں مفت آن لائن اسٹریمنگ سروس اسکائی ٹائمکی سہولت بھی میسر ہے،جو مسافروں کو تفریح کے وسیع انتخاب کو براہ راست اپنی ڈیوائسز پر منتقل کرنے کی سہولت دیتا ہے،اس کے علاوہ مسافر انتہائی مناسب قیمتوں پر دوران پرواز اسکائی کیفیمینو سے ناشتہ،سینڈوچ اور مختلف اقسام کے لذیز کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔