نجی ایئر لائن فلائی جناح کا لاہور اور شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

جمعہ 15 مارچ 2024 16:47

نجی ایئر لائن فلائی جناح کا لاہور اور شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) پاکستان کی نجی ایئر لائن فلائی جناح نے لاہور اور متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ایئر لائن کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق فلائی جناح نے 8 اپریل 2024 سے دونوں شہروں کے درمیان اپنی یومیہ نان سٹاپ پروازوں کی تعداد کو ایک سے بڑھا کر دو کردیا ہے۔

دونوں شہروں کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ اس روٹ کے آغاز کے بعد سے ایک ماہ سے بھی کم وقت میں کیا گیا ہے۔لاہور اور شارجہ کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے سے اس روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت حاصل ہوسکے گی۔فلائی جناح کے ترجمان کے مطابق ”اس روٹ پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے کیا گیا اور یہ قدم اپنے مسافروں کو سفر کے غیر معمولی تجربے کی فراہمی کیلئے ہمارے عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور اور شارجہ کے درمیان اضافی پروازوں سے دونوں شہروں کے درمیان تجارتی اور سیاحتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اس روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔فلائی جناح اس وقت پاکستان میں اپنے پانچ جدید ایئر بس A320طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑے کے ساتھ کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کیلئے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہے۔

اس کی اکانومی کلاس کی نشستیں کسی بھی دوسری فضائی کمپنی کی اکانومی کلاس کے مقابلے میں کہیں زیادہ کشادہ ہیں، جو مسافروں کیلئے ان کے سفر کے دوران بے پناہ آرام کا باعث بنتی ہیں،ہوائی جہاز میں مفت آن لائن اسٹریمنگ سروس ”اسکائی ٹائم“کی سہولت بھی میسر ہے،جو مسافروں کو تفریح کے وسیع انتخاب کو براہ راست اپنی ڈیوائسز پر منتقل کرنے کی سہولت دیتا ہے،اس کے علاوہ مسافر انتہائی مناسب قیمتوں پر دوران پرواز ”اسکائی کیفے“مینو سے ناشتہ،سینڈوچ اور مختلف اقسام کے لذیز کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ایئر لائن کی طرف سے نئے شیڈول کے مطابق پروازوں کی روانگی اور آمد کے اوقات ویب سائٹ پر آویزاں کر دیئے ہیں ۔