رانا مشہود کا پی پی 172کے نتائج کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کا اعلان

عام انتخابات میں سب سے زیادہ دھاندلی پی ٹی آئی کے آزاد امیدواران نے کی ‘ سینئر لیگی رہنما

اتوار 17 مارچ 2024 15:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ دھاندلی پی ٹی آئی کے آزاد امیدواران نے کی ،الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی کہاوت پرعمل کرتے ہوئے پورے ملک میں دھاندلی کا شور اور واویلا شروع کر دیا گیا ہے جس کی ایک مثال پی پی 172 میں سرعام دھاندلی اور ڈِھٹائی کی صورت میں ملتی ہے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میاں اظہر نے اس حلقے میںآر او کے ساتھ مل کر اصل نتائج کو تبدیل کیا۔9 فروری 2024 کو صبح 2 بجے تک رانا مشہود احمد خاں 6500 ووٹوں سے جیت رہا تھا،آر او نے ملی بھگت کرتے ہوئے فارم 45 کی گنتی کی بجائے فارم 47 میں رانا مشہود احمد کو 2730 ووٹوں سے ہروا دیا ۔

(جاری ہے)

شدید تشویش پراسی روز 124 پولنگ اسٹیشنز کی ری کائونٹنگ کی درخواست گزاری اور جس کی منظوری ہونے پر 11 فروری کے لیے تمام فریقین کو نوٹس ہو گئے اور ری کانٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ۔

گنتی 124 پولنگ اسٹیشنز کی ہونی تھی مگر آر اونے صرف سات پولنگ اسٹیشنز کی گنتی کروائی اور حقیقت اس کے سامنے آنی شروع ہوئی۔ا نہوں نے کہا کہ ووٹوں میں واضح برتری آنا شروع ہو گئی تو میاں اظہر کے بیٹے حماد اظہر جو ایک اشتہاری ہے نے سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا شروع کر دیا اورری کائونٹنگ کے عمل کو متنازعہ بنا دیا، آر او کی ملی بھگت سے ری کائونٹنگ بلاوجہ معطل کر دی اور فارم 49 جاری کر دیا گیا۔میں اپنے حق کے لیے آخری سطح تک جائوں گا، میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹریبونل جا رہا ہوں۔ میں پہلے بھی حق کے لیے جدوجہد کرتا رہا ہوں اور اب بھی اپنے حلقے کے عوام کے حق کے لیے آخری حد تک جائوں گا اوران شااللہ فتح ہماری ہوگی۔