ٹریفک حادثہ میں کسی طالب علم کے متاثر ہونے پر متعلقہ سی ای او ایجوکیشن، ڈی ای او اور اسکول سربراہ کے خلاف کارروائی ہو گی،سیکرٹری ایجوکیشن

اتوار 17 مارچ 2024 16:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ نجی و سرکاری سکولوں کے طلبہ کو ٹریفک حادثات سے بچانے کے لیے برلب سڑک سکولوں کے آگے اسپیڈ بریکر اور زیبرا کراسنگ بنانے، بچوں کو سڑک پار کرانے کے لیے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی ڈیوٹیاں لگانے ، ٹریفک حادثہ میں کسی طالب علم کے متاثر ہونے پر متعلقہ سی ای او ایجوکیشن، ڈی ای او اور اسکول سربراہ کے خلاف کارروائی ہو گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ میںمنعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھرنے اسکولوں کے آغاز اور چھٹی کے اوقات میں رونما ہونے والے ٹریفک حادثات میں طلبہ کو محفوظ رکھنے کے لیے سی ای اوز ایجوکیشن کو حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکم دیا کہ سکول سربراہان، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ اسکول کے آغاز سے آدھا گھنٹہ قبل اور اسکول میں چھٹی ہونے کے آدھا گھنٹہ بعد تک اسکول میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور حاضری رجسٹر پر اسکول آنے اور جانے کا وقت درج کریں۔انہوں نے کہاکہ اگرسکول شہر کے مین روڈ پر واقع ہو تو اسکول گیٹ کے دونوں اطراف لوہے کے بیرئیرز سٹرک پر رکھ کر سٹرک کا آدھا حصہ بند کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سی ای اوز ایجوکیشن اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کی معاونت سے سکولوں میں ٹریفک حادثات سے بچاو¿ کے لیے سیمینار منعقد کروائیں۔سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے مزید کہاکہ کسی بھی ناگہانی واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ سی ای او ایجوکیشن، ڈی ای او اور سکول سربراہ پر عائد ہو گئی، محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کوتاہی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گا۔