ٴْ سابق ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کی نااہلی کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت 19 مارچ کو ہوگی

اتوار 17 مارچ 2024 17:50

Mاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2024ء) سابق ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کی نااہلی کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت 19 مارچ کو ہوگی ،کیس جعلی ڈگری کے معاملے کاہے۔جو2013میں دائر کیاگیاتھا11سال بعداب کیس کافیصلہ ہوسکے گا۔ نظرثانی کی درخواست کی سماعت کل (منگل)کوسپریم کورٹ میں ہوگی۔چیف جٹس قاضی فائزعیسیی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا،سماعت بارے فریقین کواطلاعاتی نوٹسزبھی ارسال کیے جاچکے ہیں۔

سپریم کورٹ چونکہ تاحیات نااہلی کوختم کرچکی ہے اس لیے امکان ہے کہ ان کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہونے کاامکان ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ثمینہ خاور حیات کی نااہلی کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئیفریقین نوٹس جاری کیے تھے اور مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت نے قرار دیا کہ ثمینہ خاور حیات کی درخواست کو دفتری غلطی کی وجہ سے نمٹا دیا گیا اس لئے اس نظرثانی درخواست کو دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کیا جائے، تاہم موجودہ درخواست نظرثانی کے زمرے میں نہیں آتی۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی تو ثمینہ خاور حیات کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاتھا کہ عدالت کے پانچ رکنی بینچ نے ثمینہ خاور حیات کی درخواست میرٹ پر سننے کا فیصلہ کیا تھا اور تصدیق شدہ ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا،عدالت عظمی کے پانچ رکنی بینچ نے نظرثانی درخواست پر سماعت ملتوی کی تھی لیکن دفتر نے غلطی سے درخواست کو نمٹانے کا حکم جاری کر دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا تصدیق شدہ ریکارڈ جمع کرا دیا گیا ہے اور کیا یہ نظرثانی درخواست پر نظرثانی درخواست ہے تووکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ ریکارڈ جمع کرا دیا گیا ہے اور ہماری نظرثانی کی درخواست پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی تھی۔