منی لارنڈرنگ کیس ، مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی

جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے سماعت کی،عدالت نے کیس کی مزید سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 18 مارچ 2024 11:28

منی لارنڈرنگ کیس ، مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ناقابل ضمانت ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مارچ2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے منی لارنڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی کر دئیے،جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے سماعت کی۔پراسکیوشن نے راسخ، تحریم الٰہی سمیت دیگرکی ضمانتیں خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے کیس میں مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔

مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کیخلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں راسخ الٰہی اور اہلیہ زارا الٰہی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔سابق وفاقی وزیر کی اہلیہ تحریم الٰہی پر 3 کروڑ 3 لاکھ روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت پرمنی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے پراسکیوشن کی درخواست پر سماعت کی تھی۔دوران سماعت لاہورہائی کورٹ نے مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے تھے۔ عدالت نے شریک ملزمہ سائرہ انور کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔عدالت عالیہ نے دونوں ملزمان کے پیش نہ ہونے پر ورانٹ گرفتاری جاری کئے اور کیس کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔

اس سے قبل لاہور کی سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی اور دیگر 2 ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔مونس الٰہی اہلیہ تحریم الٰہی کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں راسخ الہٰی اور اہلیہ زارا الٰہی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔