گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ، 34دکاندار گرفتار

پیر 18 مارچ 2024 14:05

گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ، 34دکاندار گرفتار
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) رمضان المبارک کی مناسبت سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے،حکومتی سطح پر مقرر کردہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد کروانے، گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے کوئٹہ شہر اور گرد و نواح میں کارروائیاں جاری ہیں ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور لیفٹیننٹ(ر)سعد بن اسد کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنرز اور سپیشل مجسٹریٹس پر مشتمل مختلف پرائس کنٹرول ٹیموں نے کوئٹہ شہری علاقوں، ایئرپورٹ روڈ،کچلاک کے ملحقہ علاقے، سیٹلائٹ ٹاؤن ،نواں کلی ،میزان چوک ،کاسی روڈ اور سریاب روڈ پر کل 187 دکانوں کو چیک کیا گیا اور 34 دکانداروں کو گرانفروشی کرنے پر گرفتار کیا گیا، 38 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی،19 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 1دکان کو جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کہ ذمہ ماہ مبارک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرنا، ہر صورت پر حکومتی مقرر کردہ نرخوں پر اشیا کی فروخت کو یقینی بنانا اورخود ساختہ مہنگائی کرنے سے روکناشامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور مہنگائی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا پرائس کنٹرول ٹیمیں اپنی کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھیں گی ۔