مسائل و مشکلات کو نظرانداز کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، وقت کیساتھ یہی درپیش مسائل مزید گھمبیر ہو جاتے ہیں،گورنر بلوچستان

پیر 18 مارچ 2024 21:10

کوئٹہ ( این این آئی گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہاہے کہ مسائل و مشکلات کو نظرانداز کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ وقت کے ساتھ یہی درپیش مسائل مزید گھمبیر ہو جاتے ہیں سردست ہمیں بولان میڈیکل یونیورسٹی کی اراضی کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر نئی عمارت کی تعمیر کرنی ہوگی تاکہ مختلف صحت کے شعبوں کا آغاز کر کے تدریسی اور انتظامی امور و معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے راہ ہموار ہو سکیں کیونکہ صوبے کی پہلی میڈیکل یونیورسٹی کو مضبوط اور مستحکم بنیادیں فراہم کرنے کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے چوتھے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ، بولان میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شبیر لہڑی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ظہور بازئی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور ایڈیشنل فنانس سیکرٹری ممتاز لانگو سمیت بولان یونیورسٹی سینٹ کے تمام اراکین بھی موجود تھے۔

سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کسی بھی نئی یونیورسٹی کے مقاصد کا درست تعین ہی اصل منزل کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس وقت صوبے میں ایک جدید سائنٹفک ہیلتھ سسٹم کو یقینی بنانے کیلئے بولان میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم پر بڑی ذمہ داریاں عاید ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک غریب صوبہ ہے لہٰذا فنڈز کو انتہائی کفایت شعاری کے ساتھ خرچ کریں، ایک بات تو واضح ہے کہ اگر ہم نے یونیورسٹی کی سطح پر آمدن کے نئے ذرائع پیدا نہ کیے تو ہمارے اعلیٰ تعلیمی ادارے مسقبل قریب میں کئی نئے خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔