لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روک دیا

پیر 18 مارچ 2024 21:30

لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روک دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے پراپرٹی ٹیکس سے متعلق آئینی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

سوموار کو سماعت پر درخواستگزار کی طرف سے حسن مجید ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے درخواستگزار کو 39 لاکھ پراپرٹی ٹیکس کا نوٹس دیا ہے، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار ہی نہیں رہا، سندھ ہائیکورٹ بھی کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار کالعدم کرچکی ہے۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئینی پابندی اور عدالتی فیصلوں کے باوجود لاہور کنٹونمنٹ بورڈ پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز جاری کر رہا ہے، عدالت لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس طلبی کا نوٹس اور اختیار کالعدم قرار دے۔