لاہور،اچھرہ بازار واقعہ میں ملوث 4 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ملزمان سے تفتیش کرنی ہے، اسلحہ بھی برآمد کرنا ہے، 3روز کا ریمانڈ دیا جائے، تفتیشی افسر

منگل 19 مارچ 2024 15:08

لاہور،اچھرہ بازار واقعہ میں ملوث 4 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اچھرہ بازار میں خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں ملوث 4ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔تحریری حکمنامے کے مطابق واقعے میں ملوث چاروں زیر حراست ملزمان کو عدالت پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ اچھرہ مارکیٹ میں 400افراد نے خاتون کو محبوس کیا، خاتون کو دھمکیاں اور جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزم محمد ندیم، عادل سرور، بلال اور التمش ثقلین سے تفتیش درکار ہے۔تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرنا ہے، 3روز کا ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے چاروں ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 25فروری کو صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کاروباری علاقے اچھرہ میں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے پر مشتعل ہجوم نے خاتون پر توہین مذہب کا الزام لگایا، خاتون پولیس افسر کی بروقت کارروائی نے صورتحال کو نہ صرف بگڑنے سے بچایا بلکہ خاتون کو بھی مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکال لیا تھا۔بعدازاں خاتون پر عربی حروف تہجی والا لباس پہننے پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے ہراساں کرنے والے مشتعل ہجوم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔