پاکستان اوربحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو باہمی طورپرفائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، صدرمملکت

منگل 19 مارچ 2024 16:34

پاکستان اوربحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو باہمی طورپرفائدہ مند اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں، پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان میں ایک خوشحال ملک بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ مزید مضبوط ہو گا۔

ملاقات کے دوران بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ان کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعاون ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کے معاون کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بحرین کی جانب سے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے صدر کو بحرین کے دورے کی دعوت دی۔ صدر مملکت نے نیشنل گارڈ آف بحرین کے کمانڈر کا ان کے دورہ پاکستان اور مبارکباد پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔