دلہن کی خودکشی پر سسر اور ساس کو زندہ جلا دیا گیا

شوہرسمیت 3 زخمی بھارت میں دلہن کی خودکشی پر میکے والوں نے سسرالیوں کو زندہ جلایا،بھارتی میڈیا

منگل 19 مارچ 2024 16:42

دلہن کی خودکشی پر سسر اور ساس کو زندہ جلا دیا گیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) بھارتی ریاست اتر پردیش میں شادی شدہ خاتون نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی جس پر میکے والوں نے سسرال کے گھر کو آگ لگادی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ انشیکا اور انشو کی شادی گزشتہ برس فروری میں ہوئی تھی۔ دونوں کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ گزشتہ شب انشیکا نے خودکشی کرلی جس پر اس کے گھر والوں نے سسرال میں ہنگامہ کھڑا کردیا۔

لڑکی کے گھروالوں نے سسرالیوں پر جہیز کے مطالبے اور تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انشیکا کی خودکشی کے ذمہ دار سسرالی ہیں۔

(جاری ہے)

بات ہاتھا پائی تک پہنچی اور لڑکی کے ماموں نے گھر کو آگ لگا دی۔آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے تین منزلہ عمارت کی 2 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس نے فائر بریگیڈ کو بلایا اور اس دوران گھر سے 5 افراد کو شدید زخمی حالت میں نکال لیا۔

شوہر انشو، ان کی ایک بہن اور بھائی کی بیوی شدید زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ آگ بجھانے کے بعد ایک کمرے سے ساس شوبھا دیوی اور سسر راجندر کیسروانی کی لاشیں مل گئیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے میکے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائی شروع کردی جب کہ دلہن کی خودکشی کی وجہ کے تعین کے لیے بھی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔