رمضان المبارک میں اتھارٹی کی سپیشل ٹیمیں فیلڈ میں دن رات متحرک رہیں گی، ڈائریکٹر آپریشنز بلوچستان فوڈ اتھارٹی خادم حسین

منگل 19 مارچ 2024 17:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) ڈائریکٹر آپریشنز بلوچستان فوڈ اتھارٹی خادم حسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اتھارٹی کی سپیشل ٹیمیں فیلڈ میں دن رات متحرک رہیں گی، اس ضمن میں کوئٹہ شہر سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر معیاری ، ملاوٹی و مضر صحت خوراک اور جعلی مصنوعات کی فروخت روکنے کے لیے انسپیکشن ٹیمیں ہے موثر حکمت عملی کے تحت کاروائیاں کر رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی ایف اے ہیڈ کوارٹر میں رمضان المبارک کے دوران اتھارٹی کے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازی کی خصوصی ہدایات پر تمام زونل آپریشن ٹیموں کو رمضان المبارک میں اشیاءخوردونوش کے بہتر معیار کو یقینی بنانے اور قوانین کی خلاف ورزی پر صحت دشمن عناصر کے خلاف فوری کاروائیوں کا ٹاسک دیا گیا ہے ، اس سلسلے میں ملاوٹ کے خاتمے کے لیے ہیڈ کوارٹر سے بھی مخصوص ٹیموں کو موبائل لیبارٹری کے ہمراہ مختلف اضلاع اور دور دراز کے شہروں میں بھیجا جارہا ہے تاکہ ماہ مبارک میں ذاتی مالی فائدے کے لئے لوگوں کی صحت سے کھیلنے والوں کی بروقت نشاندہی اور غیر مضر صحت خوراک کے کاروبار کو روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آپریشنز نے اجلاس میں شریک ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ مراکز کی انسپیکشن کے ساتھ ساتھ کوئٹہ شہر کے مخصوص مقامات پر شہریوں کیلئے فری ملک ٹیسٹنگ سروسز کا بھی انتظام کیا جائے تاکہ لوگ اپنی تسلی کیلئے بی ایف اے کی موبائل لیبارٹری سے مفت دودھ ٹیسٹ کروا سکیں۔