ملیر جیل میں ایڈز میں مبتلا قیدی کی پہلی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی ، صوبائی وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

منگل 19 مارچ 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے آئی جی جیل کو حکم دیا ہے کہ ملیر جیل میں قیدی کی چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ملیر جیل میں 30سالہ قیدی عزیز خان جدون نے پہلی منزل سے چھلانگ لگاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

(جاری ہے)

ایس پی ملیر جیل ارشد حسین کے مطابق چندروز قبل قیدی کا ایڈز کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جسکی وجہ سے وہ جیل میں بے چین رہتا تھا اورنشے کا عادی بھی تھا۔ مرنے والے قیدی کوریلوے سٹی پولیس نے ایک بوگی سے سامان چوری کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔گرفتارقید ی چوری کا سامان فروخت کرکے نشہ پورا کرتا تھا شبہ ہے نشہ نہ ہونے کی وجہ سے بھی قیدی نے چھلانگ لگادی ایس پی نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں جیل میں بیرک سے صبح 8 بجے سے 10 بجے تک قیدیوں کو باہر نکلا جاتا ہے جیسے ہی عزیز خان کو باہر نکالا گیا اس نے چھلانگ لگادی۔