سپورٹس بورڈ پنجاب اورڈپٹی کمشنر لاہورکا پنجاب کا پہلا سپورٹس کوئز مقابلہ پروگرام کرانے کا اعلان

سپورٹس کوئز مقابلے کا انعقاد صوبے کے کھیلوں کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے‘ وزیرکھیل فیصل ایوب کھوکھر کوئز کا پہلا ڈیجیٹل راؤنڈ 23 سے 31 مارچ ،دوسرا راؤنڈ عید الفطر کے بعد ہوگا،رجسٹریشن 23مارچ سے شروع ہوگی‘رافعہ حیدر

بدھ 20 مارچ 2024 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) سپورٹس بورڈ پنجاب اورڈپٹی کمشنر لاہور کے سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے باہمی تعاون سے پنجاب کا پہلا سپورٹس کوئز مقابلہ پروگرام 23 مارچ سے شروع ہو گا،وزیر کھیل و امور نوجوانان فیصل ایوب کھوکھر سے ڈپٹی کمشنر لاہور رفیعہ حیدر کی ڈی سی آفس لاہور میں تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے وزیر کھیل پنجاب کو کھیلوں کے پہلے کوئز مقابلے کے پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ دی ہے وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر کہا ہے کہ کوئز مقابلے کا انعقاد صوبے کے کھیلوں کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے،نوجوان مرد اور خواتین کھیلوں کے شائقین کو اس معلوماتی اور صحت مند سرگرمی میں حصہ لینا چاہیے تاکہ ان کے کھیلوں کے علم میں اضافہ ہوسکے، ڈپٹی کمشنر لاہور ضلع لاہور کی انتظامی بہتری کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم ڈپٹی کمشنر لاہور کے ساتھ مل کر کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کریں گے جلد ہی ضلعی سطح پر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے کوئز مقابلے کی رجسٹریشن 23 مارچ سے شروع ہوگی اور کوئز کا پہلا ڈیجیٹل راؤنڈ 23 سے 31 مارچ تک جبکہ دوسرا راؤنڈ عید الفطر کے بعد ہوگا، کوئز مقابلہ پاکستان کے کھیلوں کی تاریخ پر مبنی ہو گا اور اس مقابلے میں 14 سے 35 سال کی عمر کے افراد حصہ لے سکتے ہیں، کوئز کا مقصد نوجوان نسل کو پاکستان کے کھیلوں کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے۔