رمضان کے بابرکت مہینے میں مہنگائی سے ستائی عوام کیلیے فری سحر و افطاری کا اہتمام کررہے ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ

پاکستان مرکزی مسلم لیگ شہریوں کوباعزت طریقے سے روزہ افطار اور سفید پوش گھرانوں تک تیار شدہ سحری پہنچانے کا اہتمام کررہی ہے،محمدعابد

بدھ 20 مارچ 2024 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع حیدرآباد کی جانب سے شہر بھر میں وسیع پیمانے پر فری سحروافطار دسترخوان کا اہتمام کررہی ہے جہاں شہریوں کوباعزت طریقے سے روزہ افطار اور سفید پوش گھرانوں تک تیار شدہ سحری پہنچانے کا اہتمام کیاجارہاہے۔سحروافطار دستر خوان کے قیام کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ضلع حیدرآباد کے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر صدرمحمد عابد نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مہنگائی سے ستائی عوام کیلیے فری سحر و افطاری کا اہتمام کررہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں رمضان سے قبل رمضان سہولت بازار قائم کیے۔تاکہ سفید پوش افراد کو سہولت مل سکے۔اور وہ سستے داموں سحروافطار کیلیے خریداری کرسکیں ۔

(جاری ہے)

لیکن اس کمر توڑ مہنگائی میں ہزاروں گھرانوں کے چولہے سحروافطار میں بھی ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے مسائل سے بخوبی واقف اور مسائل کو اپنی مدد آپ کے تحت حل کرنے میں مصروف ہے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ شہر بھر ہزاروں سحروافطار دستر خوان کا اہتمام کررہی ہے۔جہاں پر تنگدست اور لاچار افرادسحرو افطار کرنے آتے ہیں۔گھروں پر موجود خواتین کیلیے بھی سحری گھروں میں پہنچارہے ہیں ۔محمد عابد نے کہا کہ حیدرآباد اہل خیر کا شہرہے۔جہاں ہم اپنی سحروافطار میں دستر خوان سجاتے ہیں ۔وہاں ہمیں اپنے ہم وطنوں کا خیال رکھنا ہوگا۔

اس مقدس ماہ میں مستحقین کے لئے سحری وافطاری کے انتظامات کرکے اللہ کی رضا اورڈھیروں اجر کمایا جاسکتا ہے۔لہذا ماہ صیام کے بابرکت لمحات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔محمد عابد نے مخیر حضرات سے اس کار خیر میں سہولت کار بننے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور اپنے ہم وطنوں کا سہارا بننے کیلیے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ساتھ دیں۔