کابینہ اجلاس میں قومی تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی تجویزدونگا،خالد مقبول صدیقی

سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانا ہے اوریقینی بنانا ہے کہ کوئی بچہ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہ رہ جائے، وفاقی وزیر تعلیم

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 10:37

کابینہ اجلاس میں قومی تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی تجویزدونگا،خالد مقبول ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں قومی تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی تجویز دونگا،،وفاقی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت تعلیم کے حکام نے پاکستان میں تعلیم کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف پروگراموں اور منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اجلاس میںپاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تشویشناک تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کابینہ اجلاس میں قومی تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی تجویز دیں گے اس کا مقصد سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بچہ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہ رہ جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اسلام آباد کے تمام سرکاری پرائمری سکولوں میں لاگو کئے جانے والے ”سکولز میلز پروگرام“ کے منصوبوں کا آغاز بھی کیا جائے گاجس سے طلبہ کیلئے نہ صرف مناسب غذائیت کو یقینی بنائے گا بلکہ ان کی مجموعی صحت اور حفظان صحت کو بھی فروغ دے گا۔

وفاقی وزیر نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ 10 لاکھ ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے ہنر مند کارکنوں کو تربیت دینے کیلئے ہنگامی طور پر حکمت عملی مرتب کرے، اس اقدام کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک )کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد افرادی قوت کو تیزی سے ترقی پذیر تکنیکی منظرنامے میں ترقی کیلئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے صنفی خواندگی کے فرق کو کم کرنے کیلئے لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اسے قومی ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر تسلیم کیا۔وفاقی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔