بلوچستان سے سینیٹ کی نشستوں کے انتخابات کیلئے اپیلیٹ ٹریبونل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،صوبائی الیکشن کمشنرمحمد فرید آفریدی

جمعرات 21 مارچ 2024 11:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) صوبائی الیکشن کمشنرمحمد فرید آفریدی نے کہا ہے کہ بلوچستان الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبے سے سینیٹ کی نشستوں کے انتخابات کیلئے اپیلیٹ ٹریبونل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،صوبائی الیکشن کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپیلیٹ ٹریبونل میں ریٹرننگ افسر کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔

(جاری ہے)

ایپلیٹ ٹریبونل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو معزز ججز جسٹس محمد اعجاز سواتی اور جسٹس نزیر احمد لانگو پر مشتمل ہے۔ ٹریبونل کے پاس 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی اور یہ ایپلیٹ ٹریبونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گی جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت 26 مارچ کو ہوگی اور27 مارچ تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے۔ شیڈول کے تحت پولنگ 2 اپریل 2024 کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک صوبائی اسمبلی بلوچستان کوئٹہ میں ہوگی۔