اسلام آباد انتظامیہ شہریوں کو جدید اور معیاری آئی ٹی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل

جمعرات 21 مارچ 2024 15:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) انتظامیہ اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری آئی ٹی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کے ممبر ٹیکنالوجی و ڈیجٹلائزیشن سمیت متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹر G-10 میں 3.3 ایکڑ رقبے پر پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے پلاٹ بھی مختص کردیا گیا ہے۔

واضح رہے اسلام آباد آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائیگا۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز انٹرنیشنل آئی ٹی کمپنی ہوواوے کے نمائندگان نے سی ڈی اے کے ممبر ٹیکنالوجی و ڈیجٹلائزیشن سمیت دیگر افسران کے ہمراہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر ٹیکنالوجی و ڈیجٹلائزیشن کی جانب سے ہوواوے کے نمائندگان کو آئی ٹی پارک سے متعلق تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس پارک میں 5 سے 6 ہزار فری لانسرز ایک چھت تلے کام کرسکیں گے. اسی طرح اس پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرائے پر لے کر آئی ٹی دفاتر بناسکیں گی۔ اس موقع پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد شہر کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ اسلام آباد آنے والے شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں۔