عوام کو بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ، پراجیکٹ ڈائریکٹر بلین ٹری سونامی

جمعرات 21 مارچ 2024 15:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) پراجیکٹ ڈائریکٹر بلین ٹری سونامی پراجیکٹ آزادکشمیر نصیر احمد نے کہا کہ جنگلات ہماری ریاست کا بڑا اثاثہ اور قومی دولت ہیں،جنگلات کی حفاظت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں گے،جنگلات قدرتی وسائل کا بہت بڑا ذریعہ اور ملک کی معشیت کا لازمی جزو تصور کیے جاتے ہیں ۔درجہ حرارت کو اعتدال میں رکھنے، زمین کی زرخیزی، زیر زمین پانی کی سطع برقرار رکھنے، ماحولیاتی توازن قائم کرنے،قدرتی خوبصورتی،انسانی وجود کے لیئے صاف اور صحت بخش آکسیجن کی فراہمی سمیت ایسے ان گنت فوائد خالق کائنات نے جنگلا ت کے ساتھ وابستہ کر رکھے ہیں ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی علاقے میں درختوں کی موجودگی سے زمین زرخیز رہتی ہے۔

(جاری ہے)

جہاں درخت زیادہ ہونگے وہاں کے لوگ صحت مند اور خوشحال ہونگے۔درختوں کی موجودگی ذہنی تنائو اور ڈیپریشن کو کم کرتا ہے جس سے تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کلائمیٹ چینج کی صورت میں درپیش ہے،پاکستان اور آزاد کشمیر دنیابھرمیں گلوبل وارمنگ کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، عا لمی سطع پر بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے خلاف درختوں کو ہی موثر ہتھیار تسلیم کیاگیا ہے۔

میر نصیر احمد نے مزید کہا کہ آزاد خطے کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے تما م تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔عوام کو بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ہر کسی کو کم از کم دو پودے ضرور لگانے چاہیے۔خشک سالی کے باعث جنگلات میں آتشزدگی کے بھی بے شمار واقعات رونما ہوتے ہیں جس کے باعث چھوٹے نوپود بھی جل جاتے ہیں اور جنگلی حیات بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ایسے میں عوام کو چاہیے کہ محکمہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں جبکہ پہلے سے موجود درختوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ہمارا خطہ سر سبز وشاداب ہو سکے۔