وزیر خوراک کافوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے ہمراہ سحری سے قبل شہر کے متعدد فوڈ پوائینٹس کا دورہ

ناقص انتظامات پر 4 کوسیل، 4 کو اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ ،5کواصلاحی نوٹس جاری فوڈ پوائینٹس پر موجود 2 من سے زائد ناقص گوشت، آئل ،ایکسپائر اشیاء تلف کرا دی گئیں

جمعہ 22 مارچ 2024 15:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے ہمراہ سحری سے قبل شہر کے متعدد فوڈ پوائینٹس کا دورہ کیا ۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے ٹیموں کے ہمراہ سمن آباد، واہگہ، شالیمار ٹائون میں فوڈ پوائنٹس اورمعروف فوڈ چینز آئوٹ لیٹس کا معائنہ کیا۔ اس دوران 13 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا ناقص انتظامات پر 4 کوسیل، 4 کو اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ جبکہ5 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے ۔

فوڈ پوائینٹس پر موجود 2 من سے زائد ناقص گوشت، آئل اور ایکسپائر اشیا ء تلف کرا دی گئیں۔بلال یاسین نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ممنوعہ و ایکسپائر اشیا ء کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ایکشن لیا گیا، زنگ آلود برتنوں کا استعمال اور گندی مشینوں میں فاسٹ فوڈ تیار کیا جا رہا تھا، سیل کیے گئے پوائنٹس پر آئل تبدیلی ریکارڈ بھی موجود نہیں، پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزیوں پر فوڈ پوائنٹس بند کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ماہ مقدس میں شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر ہمارے نشانے پر ہیں، پنجاب میں فوڈ بزنس کرنا ہے تو قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا، بیماری فروخت کرنے والے قانون شکن عناصر کی جگہ جیل میں ہے۔ وزیرخوراک نے ہدایت کی کہ خوراک کی تیاری سے مارکیٹ میں سپلائی تک، تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جائے، صوبہ بھر میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں فیلڈ میں ہیں۔