صوبائی حکومت کی ہدایات، کمشنر پشاور ڈویژن گرانفروشوں کے خلاف ازخود میدان میں آگئے، متعدد گرانفروش گرفتار

جمعہ 22 مارچ 2024 14:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) کمشنر ڈویژن محمد زبیر نے جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی، راشننگ کنٹرولر پشاور، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں ہشتنگری، باچا خان چوک،فردوس سبزی منڈی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اپنے دورے کے دوران انہوں نے عوام سے اشیائے خوردونوش کے نرخ اور معیار کے مطابق معلومات حاصل کی اور عوامی شکایات پر سرکاری نرخ نامے سے زائد ریٹ وصول کرنے والے متعدد قصابوں،سبزی فروشوں، پھل فروشوں اور دیگر اشیائے خوردونوش والوں کو ازخود گرفتار کر کے جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے گرانفروشوں کی دوکانوں کو بھی سیل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ بعد ازاں انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے پجگی روڈ پر قائم رمضان ڈیسک کا بھی دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے معلومات حاصل کیں جبکہ عملے کو ضروری ہدایات جاری کئے۔کمشنر پشاور ڈویژن نے تمام گرانفروشوں کو تنبیہ کی کہ اپنا قبلہ درست کریں اور عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری نرخ پر فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کے لئے تیار رہیں۔