وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا پہلے نیوکلیئر انرجی سمٹ میں شرکت کیلئے برسلز کا دورہ، جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال بالخصوص بجلی کی پیداوار میں پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کیا

جمعہ 22 مارچ 2024 15:55

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا پہلے نیوکلیئر انرجی سمٹ میں شرکت کیلئے ..
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پہلے نیوکلیئر انرجی سمٹ میں شرکت کے لیے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کا دورہ کیا، وزیر خارجہ نے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال بالخصوص بجلی کی پیداوار میں پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جوہری توانائی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور موسمیاتی آفات سے شدید متاثر ہونے والے ملک کے طور پرکم کاربن توانائی کے ذرائع کے ساتھ توانائی کو متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تکنیکی مدد اور کثیر جہتی مالیاتی اداروں کی طرف سے مالی امداد کی فراہمی سمیت بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنے تجربے اور مہارت کو دوسرے ممالک بالخصوص ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی سے ملاقات میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کو بڑھانے میں آئی اے ای اے کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے انرجی مکس میں جوہری توانائی کے حصہ کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اور ایجنسی کے تکنیکی تعاون کی اہمیت پر زور دیا جس میں پاکستان بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور بینکوں کو چاہیے کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں جوہری توانائی کے منصوبوں کی حمایت کریں تاکہ وہ اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا اور زیرو اخراج کے اہداف حاصل کرسکیں۔

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار برسلز کے دورے کے دوران چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچنگ، آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور متحدہ عرب امارات کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر المازروئل سہیل سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بات چیت ہوئی۔

بیلجیئم کے وزیر اعظم اور ڈائریکٹر جنرل بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسیکی مشترکہ میزبانی میں سربراہ اجلاس نے جوہری توانائی میں تعاون کی تلاش، فوسل فیوئل کے استعمال کو کم کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں عالمی رہنماؤں کو شامل کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ یہ ایٹمی سائنس، ایپلی کیشنز اور پاور پر بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے )کے ساتھ پاکستان کی مصروفیت کو مزید مستحکم کرنے کا بھی ایک اہم موقع تھا۔