وزیرخارجہ کی متحدہ عرب امارات کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور امکانات جائزہ لیا

جمعہ 22 مارچ 2024 16:58

وزیرخارجہ کی متحدہ عرب امارات کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سے ..
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے برسلز میں نیوکلیئر انرجی سمٹ کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سہیل بن محمد المزروعی سے ملاقات کی۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرا نے موجودہ دو طرفہ تعلقات اور امکانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات خاص طور پر قابل تجدید توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے موسمیاتی ڈپلومیسی میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یو اے ای کی میزبانی میں کاپ۔ 28 نے عالمی توجہ صاف توانائی کے ایک آپشن کے طور پر نیوکلیئر انرجی کی طرف مبذول کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال بالخصوص جوہری ری ایکٹر آپریشنز، حفاظت اور ریگولیٹری انفراسٹرکچر کے قیام کے تمام شعبوں میں اپنے تجربے اور مہارت کے اشتراک کے لیے پاکستان کی تیاری کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان۔متحدہ عرب امارات جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سی ای پی ای)کے نتیجے میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ ملے گا ۔متحدہ عرب امارات کے وزیر نے پاکستان کے اپنے دوروں اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کی ترقی میں شراکت دار رہے گا۔