ماہ مقدس میں شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر ہمارے نشانے پر ہیں‘ بلال یاسین

بیماری فروخت کرنے والے قانون شکن عناصر کی جگہ جیل میں ہے‘وزیر خوراک کا سحری سے قبل شہر کے متعدد فوڈ پوائینٹس کا دورہ گلبرگ، سمن آباد، واہگہ، شالیمار ٹان میں 13فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،ناقص انتظامات پر 4سیل، 4کو اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ عائد

جمعہ 22 مارچ 2024 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) ماہ رمضان میں شہریوں کو صحت بخش غذا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے لاہور کے متعدد مقامات پر فوڈ پوائینٹس کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک نے سحری سے قبل گلبرگ، سمن آباد، واہگہ، شالیمار ٹائون میں 13معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔ اس دوران ناقص انتظامات پر 4فوڈ پوائینٹس کو سیل کیا کیا جبکہ دیگر 4کو اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح 5فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ چیکنگ کے دوران ان فوڈ پوائنٹس پر موجود 2من سے زائد ناقص گوشت، آئل اور ایکسپائر اشیا تلف کی گئیں۔ وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ممنوعہ و ایکسپائر اشیا کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ایکشن لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک نے بتایا کہ فوڈ پوائینٹس پر زنگ آلود برتنوں کو استعمال کیا جا رہا تھا اور گندی مشینوں میں فاسٹ فوڈ تیار کیا جا رہا تھا۔

بلال یاسین نے بتایا کہ سیل کیے گئے پوائنٹس پر آئل تبدیلی ریکارڈ بھی موجود نہیں اسی لیے پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزیوں پر فوڈ پوائنٹس بند کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ماہ مقدس میں شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر ہمارے نشانے پر ہیں۔ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں فوڈ بزنس کرنا ہے تو قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بیماری فروخت کرنے والے قانون شکن عناصر کی جگہ جیل میں ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے ہدایت کی کہ خوراک کی تیاری سے لیکر مارکیٹ میں سپلائی تک، تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جائے اور صحت دشمن عناصر سے کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بھجوائی جائیں۔