انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان گرفتار

ملزمان رقم موصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے‘ ایف آئی اے

جمعہ 22 مارچ 2024 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) نے انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کا انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کے دوران ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمود احمد اور عامر بشیر شامل ہیں جنہیں لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے بٹورے۔عامر بشیر نے شکایت کنندہ کو کینیڈا بھیجنے کے لئے 40 لاکھ جبکہ ملزم محمود احمد نے شہری کو سعودی عرب بھجوانے کے لیے 11لاکھ 40 ہزار لئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان رقم موصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے، گرفتاری کے بعد ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔