پی آئی اے کی 3 بین الاقوامی پروازوں کی اچانک متبادل ائیرپورٹس پر لینڈنگ

جمعہ 22 مارچ 2024 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) دو روز میں پی آئی اے کی 3بین الاقوامی پروازوںکی اچانک متبادل ائیرپورٹس پر لینڈنگ کرا دی گئی جس کی وجہ سے مسافروں اور ان کے عزیز و اقارب کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ میںایوی ایشن ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ دمام سے اسلام آباد کیلئے پی آئی اے کی پرواز پی کے 246 نے صبح 5بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر اس پرواز کی منزل اچانک تبدیل کرکے اسے علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور پر لینڈ کرادیا گیا، اسی طرح پی آئی اے کی دبئی سے پشاور کی پرواز پی کے 184کو منزل تبدیل کرکے رات تین بجے اسلام آباد لینڈ کرادیا گیا۔

ایک روز قبل پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کیلئے اڑان بھرنے والی پرواز پی کے 742کو اچانک روٹ سے موڑ کو کراچی اتار لیا گیا تھا۔ بوئنگ 777طیارے کی کراچی منتقلی کی وجہ فنی خرابی بتائی جا رہی ہے تاہم ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو ڈائیورٹ کیا گیا۔ دوران سفر منازل تبدیل ہونے سے لگ بھگ ایک ہزار مسافروں کو مشکلات اور انہیں لینے کیلئے ائیرپورٹس پر پہنچنے والے ان کے پیاروں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔