پنجاب میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور

آئندہ 5 سالوں میں سکولوں میں طلبہ کی تعداد 10 گنا بڑھائیں گے سکولوں میں سیکنڈ، تھرڈ شفٹ شروع کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے‘وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

جمعہ 22 مارچ 2024 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی ترجیح شروع دن سے ہی تعلیم ہے، آئندہ 5 سال میں سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعداد 10 گنا تک بڑھا دیں گے، تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سرکاری سکولوں میں سیکنڈ اور تھرڈ شفٹ بھی شروع کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلاحی ادارے غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کیلئے عملی طور پر کام کرنے اور سنجیدگی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو اس حوالے سے ایک پیج پر آنا ہوگا۔ اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز سے میں خود مل رہا ہوں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سرکاری سکولوں کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ تعلیم خدمت ہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے، تاہم تعلیم کو نیلام کرنے والوں کی سخت حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے تعلیمی ایمرجنسی کے تناظر میں تمام نجی و سرکاری سکولوں میں سیکنڈ اور تھرڈ شفٹ شروع کرنے اور کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اداروں کو پرفارمنس بیسڈ سکول بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جبکہ پیف کے فنانشل ماڈلز کو ری وزٹ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔