شہباز حکومت بڑے بھائی کے مہنگے ترین منصوبوں میں پھنس گئی، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا

نوازشریف کے لگائے بجلی گھروں کو 6 ہزار ارب روپے کی ادائیگیاں ہوچکیں، قوم مزید کئی سال تک ان کی نااہلی کےنتائج بھگتے گی۔ مزمل اسلم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 13:26

شہباز حکومت بڑے بھائی کے مہنگے ترین منصوبوں میں پھنس گئی، مشیر خزانہ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2024ء) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ‏شہباز حکومت بڑے بھائی کے مہنگے ترین منصوبوں میں پھنس گئی، سولر سسٹم لگانے پر ٹیکس لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں جب کہ نوازشریف کے لگائے بجلی گھروں کو 6 ہزار ارب روپے کی ادائیگیاں ہوچکیں اور قوم مزید کئی سال تک ان کی نااہلی کےنتائج بھگتے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت اپنے بڑے بھائی کے لگائے بجلی کے مہنگے ترین منصوبوں اور ایل این جی کے بغیر سوچے سمجھے منصوبوں میں بری طرح پھس گئی ہے اور عوام پر آئے دن اس کے ظلم ڈھائے جارہی ہے، بجلی کی قیمت جو ساٹھ روپے وصول کیے جارہے ہیں صارفین سے اب جب وہ از خود سولر پر منتقل ہوگئے تو اب واپڈا ان سے سستے میں لینے کے چکر میں ہے اور ساتھ ساتھ عوام پر سولر لگانے کی آڑ میں ٹیکس لگانے کی بات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ آج کے مہنگے دور میں بھی حکومت پاکستان کو چار روپے فی یونٹ نئی بجلی بیچ رہا ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق نواز شریف کے لگائے ہوئے بجلی گھروں سے اب تک 5,000 سے 6,000 ارب کی ادائیگیاں ہوچکی ہیں مزید بھی ہونی ہیں جو آج کے ڈالر کے حساب سے 20 ارب ڈالر اور جس دور میں لگے تو 40 ارب ڈالر بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کی نااہلی اور بدنیتی کے نتائج پوری قوم چکا رہی نہیں بلکہ کئی سال مزید چکاتی رہے گی، اس کو کہتے ہیں قوم کو گروی رکھنا، شہباز شریف نے درجنوں دفعہ قوم کے آگے جھوٹ بولا سی پیک اور پاک چائنا تعلقات پر بھی ایسا ہی کیا، جس کی وجہ سے آج انہیں کوئی دنیا میں سرمایہ دینے کے لئے راضی نہیں، اس کے علاوہ احسن اقبال اور خواجہ آصف بھی یہی رنگ بازیاں کرتے رہے، فارم 47 کے بعد سے اب یہ مذاحیہ عہدیدار بن کے رہ گئے ہیں۔