وزیر اعظم شہبازعالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے کل (ہفتہ) کو سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں، دفترخارجہ

ہفتہ 27 اپریل 2024 14:47

وزیر اعظم شہبازعالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے کل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف 28 تا 29 اپریل 2024 کے دوران عالمی تعاون، نمو اور توانائی کے حوالے سے منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے آج (ہفتہ) کو ریاض، سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی ولی عہد اور سعودی مملکت کے وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ دورہ کے موقع پر وزیر اعظم اور وزراء تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی، اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت خاص طور پر عالمی صحت کے ڈھانچے میں پاکستان کی ترجیحات، جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ کرنے اور ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔

مرکزی تقریب کی سائڈ لائن پر وزیراعظم اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔