تارکین کا ایک بڑا گروپ خاردار تاریں توڑ کر میکسیکو سے امریکا میں داخل

ہفتہ 23 مارچ 2024 09:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) امریکا میں سرحد پر گشت کرنے والے حکام نے کہا ہے کہ میکسیکو سے ہجرت کرنے والوں کا ایک بڑا گروپ خاردار تاریں توڑ کر امریکہ میں داخل ہوا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابقامریکا میں سرحد پر گشت کرنے والے حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ روز تارکین کے اس نئے ریلے کے امریکہ میں داخلے کے بعد ریاست ٹیکساس کے ریپبلکن گورنر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حلیف گریگ ایبٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ افسران نے ’صورتحال پر فوری قابو پا لیا اور خاردار تاروں سے سرحد پر لگائی رکاوٹوں کو دو گنا کیا جا رہا ہے۔

تارکین وطن کے ایک ہجوم نے ٹیکساس نیشنل گارڈ کی طرف سے امریکا اور میکسیکو کے درمیان قدرتی سرحد کا کام کرنے والے دریا ریو گرانڈے کے ساتھ نصب کی گئی خاردار تار کے ایک حصے کو ہٹا دیا تھا۔

(جاری ہے)

نیویارک پوسٹ میں شائع ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ تارکین وطن خاردار تار سے گزر رہے ہیں اور سرحد پر تعینات فوجی اہلکار ان پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خاردار تار کی رکاوٹ کو توڑنے کے بعد تارکین وطن سرحدی دیوار کے ایک اونچے حصے تک پہنچ گئے جو ناقابل تسخیر تھا۔امریکا کے کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’مقامی وقت تقریباً 11 بجے تارکین وطن کے ایک بڑے گروپ نے ٹیکساس نیشنل گارڈ کی نصب خاردار تار کی رکاوٹوں کو توڑا جو ریو گرانڈے (دریا) اور ایل پاسو میں سرحدی دیوار کے درمیان واقع ہے۔