رام اللہ میں مسلح فلسطینیوں سے جھڑپوں کے دوران چاراسرائیلی فوجی زخمی

ہفتہ 23 مارچ 2024 12:08

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے مغرب میں کم از کم پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے دوران چار اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ جھڑپیں مغربی رام اللہ میں دویلف اسرائیلی بستی کے قریب ہوئی جب مسلح فلسطینیوں نے ایک بس پر فائرنگ کی۔

اسرائیلی فوج نے کمک کے لیے ڈرون اور جنگی طیارے بھی منگوائے اس کے باوجود جھڑپ کم سے کم تین گھنٹے جاری رہی۔جھڑپ کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تاکہ وہاں مزید فلسطینی مسلح افراد کی موجودگی کا پتا چلایا جا سکے۔سات اکتوبر کو حماس کی طرف سے اسرائیل پر کیے گئے ڈرامائی حملے کے بعد غرب اردن کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔

(جاری ہے)

حماس کے حملے کے نتیجے میں 1140اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے۔

حماس کے مزاحمت کار دو سو کے قریب اسرائیلیوں کویرغمال بنا کر غزہ لے آئے تھے جن میں سے 130 اب بھی غزہ میں ہیں جن میں سے بیشتر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہوچکے ہیں۔اس واقعے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں ایک وسیع جنگ شروع کی جو ابھی تک جاری ہے۔ یہ جنگ اب تک 32 ہزار فلسطینیوں کی جانیں لے چکی ہے اور فوری طور پر کسی قسم کی جنگ بندی کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔