پتنگ کی قاتل ڈور نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کی جان لے لی

ڈور پھرنے کے بعد 22 سالہ آصف موٹر سائیکل سے گر پڑا، مسلسل خون بہنے سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 12:57

پتنگ کی قاتل ڈور نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کی جان لے ..
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پتنگ کی قاتل ڈور نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کی جان لے لی، 22 سالہ آصف کی عید سے چار روز بعد شادی تھی۔ تفصیلات کے مطابق گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے کا ایک افسوسناک واقعہ فیصل آباد میں پیش آیا جہاں اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، ناولٹی پل کے قریب گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ رپورٹ ہوا، ڈور پھرنے کے بعد 22 سالہ آصف موٹر سائیکل سے گر پڑا اور مسلسل خون بہنے کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

دوسری طرف راولپنڈی میں خونی بسنت کے باعث پتنگ بازی کرتے چھت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ قاتل ڈور اور ہوائی فائرنگ سے بچوں سمیت 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے، پتنگ بازی کے دوران تھانہ صادق آباد میں چھت سے گر کر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 65 سالہ ممتاز علی کے نام سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں 20 سے زائد بچے بھی شامل ہیں، دو زخمی بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی۔

(جاری ہے)

ہسپتال انتظامیہ نے بتایا اندھی گولی لگنے سے 13سالہ فاطمہ، 10سالہ مجاہد زخمی ہوئے، عبداللہ اور محمد امجد نامی بچے بھی اندھی گوکیاں لگنے سے زخمی ہوئے، کیمیکل ڈور یا قاتل ڈور گردن اور ہاتھ پر پھرنے سے 7سالہ عبداللہ اور ہاتھ کٹنے سے 10سالہ مصطفی زخمی ہوا، راول روڈ پر 14سالہ شہیر اور 13 سالہ عبدالرافع، 22 سالہ رجب، 12 سالہ صفیان، 10 سالہ محمد اسماعیل اور 7 سالہ ہادی ہاتھ پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران پولیس نے 227 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا، بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان سے 8 پستول اور بندوقیں برامد کرلیں، پتنگ بازوں سے 14 ہزار 230 پتنگیں برآمد ، بسنت کے دوران 188 مقامات پر کارروائی کرکے پتنگ بازوں کو گرفتار کیا، کارروائی میں 2 مختلف مقامات سے ہیوی ساؤنڈ سسٹم بھی قبضہ میں لیا۔