غیرت مند حکمران قوم کی عزت و آبرو کے محافظ ہوتے ہیں ، ممتاز حسین سہتو

سندھ باب الاسلام ہے اہل سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے،نائب امیرجماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 23 مارچ 2024 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) غیرت مند حکمران قوم کی عزت و آبرو کے محافظ ہوتے ہیں ، سندھ باب الاسلام ہے اہل سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو نے مومن میرج ھال کھڈرو میں یوم باب الاسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ محسن سندھ غازی محمد بن قاسم نے ایک مظلوم بہن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے نہ صرف ان کو ظلم سے نجات دلائی بلکہ سندھ کو باب الاسلام کا درجہ اور مثالی امن و انصاف کا دور قائم کیا۔ سندھ کے ذریعے ہی برصغیر میں اسلام کی روشنی پھیلی۔اہلیان سندھ محسن سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ آج بھی ہرطرف ظلم و جبر کا دور ہے۔

(جاری ہے)

قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ امریکہ کی قید میں ہے۔ آج پھر دنیا محمد بن قاسم کی منتظر ہے جو ظلم کا راج ختم اور انصاف کا بول بالا کرے،’’یومِ باب الاسلام‘‘اس عہد کی تجدید اور اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم حق کی بقا، ظلم کے خاتمے اور دین کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، محمد بن قاسم کی سندھ آمد، امن اور عدل و انصاف قائم کرنے سمیت ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم نے سندھ دھرتی پر ظلم اور جبر کے نظام کو نیست ونابود کرکے یہاں کے لوگوں کو راجا داہر کی غلامی سے نجات دلائی اور اپنی مظلوم بہن کو قید سے رہائی دی جبکہ آج 57مسلم ممالک کے باوجود ڈاکٹرعافیہ صدیقی جیسی مظلوم بہن امریکی جیل میں قید اور ظلم برداشت کررہی ہے لیکن حکمرانوں کی غیرت اور حمیت نہیں جاگتی۔

محمدبن قاسم نے سندھ میں توحید کی جو شمع روشن کی، آنے والے ادوار میں اسی سے روشنی لے کر صوفیا کرام اور مبلغینِ عظام نے اسلام کی اشاعت اور ترویج کاسلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورا ملک آج بھی بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے لیکن حکمرانوں کے سر پر جوں نہیں رینگتی ، حکمرانوں کو ملک میں جاری بدامنی ، فلسطین کے مظلوم اور غیور مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی اور ان مدد کیلئے میدان میں نکلنا ہوگا ،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ محمدرفیق منصوری ، مقامی امیر انور علی ملک بھی موجود تھے ،پروگرام کا اہتمام جماعت اسلامی کے رہنما شیر محمد ملک اور ان کے صاحب زادوں کی طرف سے کیا گیا تھا ، جس میں شہر کی تاجر برادری سمیت لوگوں۔

نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔