اسلام آباد ائیرپورٹ پر کارروائی،دوحہ جانے والے مسافر سے 2کلو سے زائد ہیروئن برآمد

مسافر اسماعیل خان نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے پیندے اور آہنی فریم میں مہارت سے چھپا رکھی تھی،سامان کی تلاشی کے دوران منشیات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی،اے ایس ایف

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 23 مارچ 2024 15:45

اسلام آباد ائیرپورٹ پر کارروائی،دوحہ جانے والے مسافر سے 2کلو سے زائد ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ2024 ء) اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دوحہ جانے والے مسافرسے 2کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی،مسافر اسماعیل خان نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے پیندے اور آہنی فریم میں نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی۔ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے مطابق ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا ئی گئی ہے۔

ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔دریں اثناءفیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ایک مبینہ جعلساز کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق حکام نے بتایا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل کوہاٹ نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ملزم جنت حسین کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم جعلی شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد اور ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں ملوث تھا، ملزم سے پرنٹرز، لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان برآمد کرلی گئی۔ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے متعدد لوگوں کو جعلی دستاویزات بنا کر دیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آبادنے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 35 پاکستانی شہریوں کی چین سے ہانگ کانگ اسمگلنگ کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کیاتھا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد صائم سلطان کی زیر نگرانی چھاپہ مار ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کر لیاتھا۔ گرفتار ملزمان میں زاہد اقبال اور تبارک حسین شامل تھے۔ملزمان کو دینہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث تھے۔ ملزمان نے چین کا ویزا حاصل کرنے کیلئے جعلی کمپنیوں کے نام سے دستاویزات تیار کیں تھیں۔ملزمان چین سے ہانگ کانگ بارڈر پار کرنے میں بھی ملوث تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان انسانی سمگلروں کے ساتھ رابطے میں رہے تھے۔