اسلام آباد میں پراپرٹی پر بھاری ٹیکس لگ گیا، نوٹی فکیشن جاری

سی دی اے نے سیکٹرز اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹس پر سالانہ پراپرٹی ٹیکس عائد کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 16:18

اسلام آباد میں پراپرٹی پر بھاری ٹیکس لگ گیا، نوٹی فکیشن جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پراپرٹی پر بھاری ٹیکس عائد کردیا گیا، سی ڈی اے نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیکٹرز اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹس پر سالانہ پراپرٹی ٹیکس عائد کیا گیا ہے، شہزاد ٹاؤن، مارگلہ ٹاؤن اور راول ٹاؤن میں 140 اسکوائرز یارڈز تک پلاٹس پر 24 ہزار ٹیکس اور 8 کنال تک کے فارم ہاؤس پر ایک لاکھ 80 ہزار روپے کا پراپرٹی ٹیکس عائد کردیا گیا۔

نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ 90 سے 120 کنال تک فارم ہاؤسز پر 4 لاکھ 42 ہزار روپے پراپرٹی ٹیکس ہوگا، بلیو ایریا میں کمرشل پراپرٹیز پر گراؤنڈ فلور میں فی اسکوائر فٹ 32 روپے ٹیکس عائد ہوگا، بیسمنٹ میں 22 روپے اسکوائر فٹ اور رہائشی اپارٹمنٹ پر 26 روپے فی اسکوائر فٹ ٹیکس عائد ہوگا۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے کا نوٹی فکیشن میں کہنا ہے کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں 22 روپے اسکوائر فٹ پراپرٹی ٹیکس عائد کیا گیا ہے، اسی طرح پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز میں 180 روپے فی اسکوائر یارڈ جب کہ مارکیز اور میرج ہالز میں 13 روپے فی اسکوائر فٹ پراپرٹی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

ادھر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں درجنوں کاروباروں کیلئے پوائنٹ آف سیل سسٹم لازمی قرار دے دیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے یکم جولائی 2024 سے نجی سکولوں، ہسپتالوں، بڑے پرچون فروشوں، ہوٹلوں، فٹنس سینٹرز سمیت درجنوں کاروباروں کے لیے پوائنٹ آف سیل سسٹم لازمی قرار دے دیا ہے، اس حوالے سے ایف بی ار نے ایس ار او 428 (I)/2024 جاری کر دیا، جس کے تحت پوائنٹ اف سیل سسٹم کیلئے کاروباری اداروں کو ایف بی آر کے منظور کردہ سافٹ ویئر اور ہارڈویئر نصب کرنا ہوں گے، ایف بی آر نے ایسی ڈیوائسز فروخت کرنے والے وینڈرز سے کہا ہے کہ وہ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں دیں۔